حکومت کو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہو گئی،فواد چوہدری

 حکومت کو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہو گئی،فواد چوہدری

اسلام آباد :آسیہ بی بی کی بریت کے بعد موجودہ صورتحال میں حکومت کو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہو گئی ہے ۔


تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کی لائن اپنے خطاب میں بیان کی ،آج اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات ہوئی ،اپوزیشن نے اس معاملے پر ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے ،اپوزیشن کی جانب سے ایاز صادق اور نوید قمر اس معاملے پر حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم تشدد سے بچنا چاہتے ہیں ،چند عناصر سن لیں ،جس طرح پاکستان کی فوج نے سرحدوں پر لڑائی لڑی ہے ،کوئی دھوکے میں نہ رہے کہ ریاست کمزور ہے ،آپ کو پتہ نہیں چلے گا کہ آپ کے ساتھ کیا ہو رہا ہے ،جو بھی تشدد میں شرکت کریں گے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کریں گے ان کے خلاف ریاست ذمہ داری کے ساتھ کارروائی کرے گی ۔

انہوں کے کہا کہ  مسلمان کا ایمان عشق رسول کے بغیر مکمل نہیں ،ہم نبی کی شفاعت حاصل کرنے کے لیے دعا کرتے ہیں ،وزیراعظم عمران خان عقیدت کے اس درجے پر ہیں کہ مدینہ کی سر زمین پر جوتے کے ساتھ نہیں اترتے ،ائیر پورٹ پر جوتے اتار کر مدینہ جاتے ہیں ۔