Get Alerts

اداکارہ روبی انعم کا شوبز کی خواتین کو طلاق کی حوصلہ شکنی کرنے کی اپیل

اداکارہ روبی انعم کا شوبز کی خواتین کو طلاق کی حوصلہ شکنی کرنے کی اپیل

کراچی: معروف تھیٹر اداکارہ روبی انعم نے شوبز کی خواتین سے درخواست کی ہے کہ وہ طلاق کی حمایت کرنے کی بجائے اس کی حوصلہ شکنی کریں اور اس بات کا کھل کر اظہار کریں کہ ’’طلاق ایک برا عمل ہے‘‘۔

روبی انعم حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے طلاق کے مسئلے پر اپنی رائے دی اور حیرت کا اظہار کیا کہ کیوں کچھ خواتین طلاق کو فروغ دے رہی ہیں۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک مشہور اداکارہ فخر سے یہ بتاتی ہیں کہ انہوں نے 35 سال کی شادی کے بعد طلاق لی کیونکہ وہ مزید برداشت نہیں کر سکتیں۔

روبی انعم نے وضاحت کی کہ جب وہ ’’35 سال‘‘ کی بات کرتی ہیں تو ان کا مطلب کوئی خاص اداکارہ نہیں، بلکہ یہ ایک عام سوال ہے کہ آخر کیوں کوئی اداکارہ یہ کہے کہ انہوں نے 35 سال یا اتنے برس بعد طلاق لی؟

ان کا کہنا تھا کہ طلاق کوئی اچھی بات نہیں اور اسے ہر صورت میں فروغ نہیں دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ طلاق کے حوالے سے منفی پیغامات نوجوان لڑکیوں پر برا اثر ڈال سکتے ہیں، اور اس کو پروموٹ کرنے کے بجائے اس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

روبی انعم کے مطابق، شوبز کی اداکاراؤں کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ انہوں نے اپنی شادی میں بہت ساری تکالیف اور ظلم برداشت کیے، بلکہ انہیں اچھے اور مثبت پیغامات دینے چاہئیں۔ طلاق کی باتیں کرکے اس کو فروغ نہیں دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شوبز سے وابستہ خواتین کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ وہ تشدد برداشت نہیں کر سکتیں اور اس وجہ سے طلاق لے لیتی ہیں، اور نہ ہی یہ کہا جائے کہ شادی کے بعد صرف تشدد کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی خاص اداکارہ کا نام نہیں لے رہیں، بلکہ وہ شوبز کی خواتین کے عمومی رجحان پر بات کر رہی ہیں، جو طلاق کو فروغ دیتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شوبز کی خواتین کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ شادی نہ کی جائے اور طلاق کے بعد وہ بہت خوش ہیں کیونکہ انہیں شادی میں بہت تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔

آخر میں روبی انعم نے شوبز کی تمام خواتین سے اپیل کی کہ وہ شادی جیسے اہم رشتہ کو فروغ دیں اور طلاق کے تاثر کو ختم کریں۔ ان کے مطابق، طلاق کو ایک برا عمل سمجھا جائے اور اس کی حوصلہ شکنی کی جائے۔
 
 

ٹیگز: