لاہور: جنوبی افریقا نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 140 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی طرف سے ریزا ہینڈریکس 34، کپتان ڈونون فریرا 29 اور ڈیوالڈ بریوس 21 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی، خصوصاً شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ شاہین آفریدی نے مجموعی طور پر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف اور عثمان طارق نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ نسیم شاہ اور ابرار احمد کو باہر بٹھا کر شاہین شاہ آفریدی اور عثمان طارق کو موقع دیا گیا ہے، اور عثمان طارق اپنے ٹی 20 ڈیبیو پر ہیں۔ باقی کھلاڑیوں میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، حسن نواز، سلمان علی آغا، عثمان خان، محمد نواز اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
جنوبی افریقا نے اپنی پلیئنگ الیون میں 3 تبدیلیاں کی ہیں، اور ان کی ٹیم میں لوہان ڈرے پریٹوریس، لیزارڈ ولیمز اور آندے سیمالانے شامل ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ پہلے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے 9 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم سیریز جیت جائے گی۔