نواز شریف کو نکالنے والے تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں، وہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر واپس آ رہا ہے: مریم نواز

نواز شریف کو نکالنے والے تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں، وہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر واپس آ رہا ہے: مریم نواز
سورس: twitter

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ  جتنے لوگ پنڈال میں موجود ہیں، اتنے ہی چھتوں پر بھی موجود ہیں۔ شاہدرہ سے نواز شریف کا ہر طرح کے حالات میں ایسا رشتہ ہے ۔یہاں کے لوگوں نے نواز شریف کا کبھی ساتھ نہیں چھوڑا ۔ حالانکہ یہاں تو لیڈر پر مشکل آئی نہیں اور جماعت ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی  لیکن مسلم لیگ ن والوں نے اپنے قائد کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا ۔

شاہدرہ  لاہور میں پارٹی کے ورکرز اجلاس سے خطاب  کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں بھی شاہدرہ سے ایک ہی آواز آئی۔ شیر۔ نواز شریف کی آمد آمد ہے۔ان کے استقبال کی تیاریوں کا آغاز میں نے آج شاہدرہ سے کیا ہے۔ نواز شریف نے شاہدرہ والوں کو اپنا محبت بھرا سلام بھیجا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 21 اکتوبر کو آپ سب نے نواز شریف سے ملنے مینار پاکستان پہنچنا ہے ۔میں آپ سب کو دعوت دینے آئی ہوں ۔آج ملک کو نواز شریف کی ضرورت ہے۔21 اکتوبر کو صرف نواز شریف ہی نہیں آ رہا بلکہ پاکستان کی خوشحالی واپس آ رہی ہے ۔مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ کرنے والا نواز شریف 21 اکتوبر کو واپس آ رہا ہے ۔بجلی کی لوڈشیڈنگ، دہشت گردی کا خاتمہ کرنے والا نواز شریف ملک کے زخموں پر مرہم رکھنے واپس آ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے آخری بار مہنگائی میں کمی کس کے دور میں دیکھی تھی؟؟؟ آپ نے سستا پٹرول کس کے دور میں خریدا تھا؟؟؟کس کے دور میں غریب دو وقت کی روٹی کھا کر سویا تھا؟؟کس کا دور تھا کہ بجلی کے بل سے لوگ ڈرتے نہیں تھے ۔ نواز شریف کے دور میں عوام کے پاس بے پناہ سہولیات تھیں۔ جب سے نواز شریف کو نکالا تو ہمارے ملک سے سکون بھی چلا گیا اور لوگوں کا مستقبل اور خوشیاں بھی چھین لی گئیں  ۔

مریم نواز نے کہا کہ جن افراد کا نواز شریف کو نکالنے میں کردار تھا وہ آج کہیں دکھائی نہیں دے رہے اور تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں کیونکہ نواز شریف نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا تھا ان کے مخالف عبرت کا نشان بن گئے ہیں۔جس کو  مخالفین نے عبرت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی  اس نواز شریف کا استقبال پورا پاکستان کر رہا ہے۔۔ نواز شریف کو کئی بار نکالنے کی کوشش کی لیکن وہ ہمیشہ کی طرح پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر واپس آ رہا ہے ۔

مریم نواز  کا مزید کہنا  تھا کہ  نواز شریف نے سیاسی انتقام اور جھوٹے مقدمات سہے، جیلیں اور سزائیں سہیں  لیکن نواز شریف کے ذاتی نقصانات کا کوئی ازالہ نہیں کر سکتا  ۔ نواز شریف کی ماں اور اہلیہ اب اس کے پاس موجود نہیں اور یہ زخم کبھی نہیں بھر سکتے ۔ نواز شریف عوام کی خاطر واپس آ رہا ہے۔ آپ سے 21 اکتوبر کو سہ پہر 4 بجے مینار پاکستان پر ملاقات ہو گی۔ 

مصنف کے بارے میں