لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بزرگوں کو معاشرے کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بزرگ افراد ہمارے ماضی کی عکاسی، حال کی روشنی اور مستقبل کے لیے ایک قیمتی سبق ہیں۔ بزرگوں کی عزت و احترام کرنا ہر فرد کا فرض ہے اور حکومت ان کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ بزرگ وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں نسلیں پروان چڑھتی ہیں۔ انہوں نے بزرگوں کی قربانیوں، تجربات اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزرگ ہمارے معاشرے کا سرمایہ ہیں جنہیں خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔ بزرگوں کے تجربات ہمارے لیے خزانے سے کم نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بزرگوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بزرگ شہریوں کے لیے اولڈ ہومز کو بہتر بنا رہی ہے اور ان میں مقیم بزرگوں نے حج کی سعادت بھی حاصل کی ہے۔
مریم نواز نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بزرگوں کا احترام کریں اور ان کی خدمت کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت الیکٹرک بسوں میں بزرگوں کو مفت سفر کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے تاکہ انہیں روزمرہ زندگی میں آسانی ہو۔