Get Alerts

ابتدائی دنوں میں کاظم پاشا  کی ڈانٹ سنی،  آنکھوں سے آنسو بھی  نکل آئے: سعدیہ امام

ابتدائی دنوں میں کاظم پاشا  کی ڈانٹ سنی،  آنکھوں سے آنسو بھی  نکل آئے: سعدیہ امام

کراچی : معروف اداکارہ سعدیہ امام نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں پی ٹی وی کے مشہور ڈائریکٹر کاظم پاشا نے انہیں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران سب کے سامنے ڈانٹا تھا، تاہم بعد میں انہوں نے معذرت بھی کی۔

سعدیہ امام نے نجی ٹی وی   پروگرام   میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ ڈراما سیریل ’الجھن‘ کے دوران پیش آیا، جو ان کا ابتدائی کاموں میں شامل تھا۔

اداکارہ کے مطابق وہ قربان جیلانی کے ساتھ ایک جذباتی سین کر رہی تھیں، جس میں انہیں والد پر غصہ دکھانا تھا، مگر وہ سین میں جذباتی تاثر دینے میں ناکام رہیں۔ اسی دوران کاظم پاشا نے بلند آواز میں کہا اسی لیے نئی لڑکیوں کو ڈراموں میں نہیں لیتے، نہ ان میں تمیز ہے، نہ عقل، نہ اداکاری آتی ہے۔

یہ سب کچھ پی ٹی وی کے اسٹوڈیو میں کئی لوگوں کے سامنے ہوا، جس پر سعدیہ امام کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔

تاہم سین مکمل ہونے کے بعد کاظم پاشا نے انہیں اوپر بلا کر پہلے اور بعد کے شاٹس دکھائے، اور وضاحت کی کہ ان کی ڈانٹ کا مقصد صرف ایک بہتر سین لینا تھا۔ بعدازاں انہوں نے سب کے سامنے معذرت بھی کی۔

سعدیہ امام نے کہا کہ بعض اوقات اداکار کو رونا، چیخنا یا غصہ دکھانا ہوتا ہے، لیکن جب وہ جذباتی طور پر اس موڈ میں نہ ہو تو اداکاری مشکل ہو جاتی ہے۔

یاد رہے کہ کاظم پاشا پی ٹی وی کے مشہور ڈائریکٹر، رائٹر اور پروڈیوسر رہ چکے ہیں، جن کے کریڈٹ پر ’جانگلوس‘، ’الجھن‘، ’ریت اور ہوا‘، ’کشش‘، ’کفارہ‘ جیسے درجنوں سپرہٹ ڈرامے موجود ہیں۔

ٹیگز: