بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ 34 کشمیری شہید کئے، رپورٹ جاری

 بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ 34 کشمیری شہید کئے، رپورٹ جاری
کیپشن: فوٹو فائل

سری نگر :  بھارت نے اپنی فوجی دہشت گردی کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیر میں ماہ اگست کے دوران 34 کشمیری مسلمانوں کو شہید کیا جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی،جاں بحق ہونے والے افراد میں سے 2 کو جعلی انکاؤنٹر میں ہلاک کیا گیا۔  کشمیر میڈیا سروس نے ماہِ اگست کی رپورٹ جاری کر دی۔گزشتہ ماہ قابض فوج، پیرا ملٹری اور پولیس کی جانب سے پرامن مظاہرین پر فائرنگ، پیلٹ گنز کے استعمال اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 483 افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔

بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے سامنے کشمیری قوم سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ماہ اگست میں بھارت نے ظالمانہ کارروائیوں کے دوران ایک خاتون سمیت 34 افراد کو شہید کیا۔ ان شہادتوں میں 2 خواتین بیوہ اور 6 بچے یتیم ہوئے۔بھارتی فورسز نے 5 خواتین کو زدو کوب بھی کیا۔ اگست کے دوران بھارتی فورسز نے کشمیریوں کے پرامن احتجاج پر پیلٹ گن کے چھرے برسا کر 480 لوگوں کو زخمی کیا۔ بھارت نے اسی ماہ حریت کانفرنس کے 196 رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا جبکہ 140 گھروں اور دکانوں کو بھی مسمار کیاگیا۔

حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اپنے بیانات میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے عزم و ولولے نے بھارتی سپریم کورٹ کو آئین کے آرٹیکل 35 'اے' کے خلاف کیس کی سماعت کو مؤخر کرنے پر مجبور کیا۔

خیال رہے کہ بھارتی آئین کا آرٹیکل 35 'اے' جموں و کشمیر کے مستقل رہائشیوں کو خصوصی حقوق و استحقاق کی ضمانت دیتا ہے۔