Get Alerts

حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی آج منائی جا رہی ہے

 حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی آج منائی جا رہی ہے

مظفرآباد : آج کشمیری قائد اور بابائے حریت سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی منائی جا رہی ہے۔ جنہوں نے اپنی پوری زندگی بھارتی ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد میں گزاری اور آزادی کی خاطر قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، مگر غلامی قبول نہ کی۔

سید علی گیلانی 29 ستمبر 1929 کو بانڈی پورہ کے گاؤں زرمنز میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم سوپور سے حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے لیے لاہور کے اورینٹل کالج میں داخلہ لیا۔ 1949 میں جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی اور 1961 میں سرکاری نوکری چھوڑ کر جماعت اسلامی کے بھرپور کارکن بن گئے۔

وہ پہلی بار 28 اگست 1961 کو گرفتار ہوئے۔ کشمیری اسمبلی کے رکن کے طور پر 1972، 1977 اور 1987 میں منتخب ہوئے۔ 1994 میں انہوں نے دیگر رہنماؤں کے ساتھ کل جماعتی حریت کانفرنس کی بنیاد رکھی۔ 1990 سے 2010 تک کئی بار گرفتار اور رہا ہوتے رہے، اور 2010 سے گھر میں نظر بند کر دیے گئے۔

بابائے حریت نے اپنی جدوجہد کے دوران بھارت کے ظلم کے خلاف آواز بلند رکھی اور یکم ستمبر 2021 کو اللہ کے حضور جا پہنچے۔ حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں نشان پاکستان سے بھی نوازا۔

آج کشمیری قوم ان کے بلند حوصلے اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کی زندگی سے سبق حاصل کر رہی ہے۔

ٹیگز: