اسلام آباد : بھارت کی جانب سے پاکستان کو دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگی اطلاع دی گئی ہے۔ وزارت آبی وسائل کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے وزارت کو ستلج میں سیلاب کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
وزارت آبی وسائل نے بتایا ہے کہ دریائے ستلج کے ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں علاقوں میں آج صبح 8 بجے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔ وزارت نے متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کو سیلاب الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ادھر دریائے ستلج کی تیز لہریں بورے والا کے علاقے میں تباہی مچا رہی ہیں۔ ایک لاکھ 90 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ اس وقت بورے والا سے گزر رہا ہے، جس کے نتیجے میں کئی بند ٹوٹ چکے ہیں اور سیلابی پانی ساہوکا تک پہنچ چکا ہے۔
سیلاب کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ فصلیں بشمول کپاس، دھان، مکئی اور تل مکمل طور پر دریا برد ہو چکی ہیں، جس سے کسانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ زرعی زمینیں تباہ و برباد ہونے سے کسانوں کے لیے ایک بڑا المیہ کھڑا ہو گیا ہے۔
حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر ریلیف اور امدادی کارروائیاں شروع کرے تاکہ سیلاب زدگان کو سہولیات فراہم کی جا سکیں اور فصلوں کے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے۔