اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہری علاقوں سے 8 جبکہ دیہی علاقوں سے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یوں اسلام آباد میں اب تک ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 197 ہو چکی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنا اور صفائی کے ناقص انتظامات وائرس کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں اور آس پاس کے علاقوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، مکمل آستین کے کپڑے پہنیں اور مچھر مار اسپرے یا نیٹ کا استعمال کریں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس کی علامات میں تیز بخار، شدید سر درد، پٹھوں اور جوڑوں کا درد، متلی، قے، آنکھوں کے پیچھے درد اور جلد پر دانے شامل ہیں۔ ان علامات کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔
ڈینگی کا کوئی مخصوص علاج تو موجود نہیں، تاہم بروقت طبی امداد، آرام، پانی کا زیادہ استعمال اور علامات پر قابو پا کر مریض کی حالت بہتر بنائی جا سکتی ہے۔