Get Alerts

لارڈز ٹیسٹ میں شکست، پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں تبدیلی کا فیصلہ

لارڈز ٹیسٹ میں شکست، پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف میں تبدیلی کا فیصلہ

لندن : انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیسٹ ٹیم کی مینجمنٹ میں اہم تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

لندن میں پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں قومی ٹیم کی کارکردگی اور کوچنگ سٹاف سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن کو ایجبسٹن میں انگلینڈ کے خلاف شیڈول تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ وہ اس وقت قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد موجودہ ٹیسٹ کوچنگ سٹاف میں بھی تبدیلی متوقع ہے۔ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو ذمہ داریوں سے الگ کیے جانے کا امکان ہے اور وطن واپسی پر دونوں کوچز کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مائیک ہیسن کو مستقبل میں بھی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، جبکہ عمر گل کی جگہ ایشلے نوفکے کو بولنگ کوچ مقرر کیے جانے کی بھی توقع ہے۔

دوسری جانب پی سی بی نے محمد رضوان، امام الحق اور سلمان علی آغا کو بھی انگلینڈ سے واپس پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سرفراز احمد کی نگرانی میں پاکستان نے 6 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں قومی ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی جبکہ 5 مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان شکستوں میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش بھی شامل ہے۔

ٹیگز: