Get Alerts

راولپنڈی اسلام آباد میں طوفانی بارش، سیلابی صورتحال، پاک فوج امدادی کارروائیوں میں شامل

راولپنڈی اسلام آباد میں طوفانی بارش، سیلابی صورتحال، پاک فوج امدادی کارروائیوں میں شامل

راولپنڈی:راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہری محصور ہوگئے۔ ضلعی انتظامیہ نے رین ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ پاک فوج سمیت امدادی ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

ڈھوک نجو نالے میں پانی کی سطح پل کو چھونے لگی، جبکہ مقامی آبادی گھروں میں محصور ہوگئی۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح 27 فٹ کی خطرناک حد تک پہنچنے کے بعد اب نیچے آنے لگی ہے۔ خطرے کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف کی آبادیوں کو خالی کرا لیا گیا۔

کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر بھی پانی کی سطح بلند ہے، جبکہ جاوید کالونی، ندیم کالونی، صفدر آباد اور ہزارہ کالونی میں بارشی پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ بعض شہریوں نے جان بچانے کے لیے گھروں کی چھتوں پر پناہ لے لی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی میں بارش نے 16 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ نیو کٹاریاں میں سب سے زیادہ 230 ملی میٹر، چکلالہ میں 206، شمس آباد میں 203 اور گولڑہ میں 157 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

سیلابی صورتحال کے باعث راولپنڈی کے تعلیمی اداروں میں آج چھٹی کردی گئی۔ ڈی سی ندیم ناصر کے مطابق نالہ لئی میں گرنے والے نالوں میں بیک فلو کے باعث پانی کی سطح بڑھی، تاہم کچھ دیر میں صورتحال معمول پر آنے کی توقع ہے۔

اسلام آباد کے بنی گالہ میں بھی 160 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری مختلف مقامات پر تعینات ہے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی اور شہر بھر کے نالوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ خانپور ڈیم اور راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان تک پہنچنے پر سپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔

ٹیگز: