لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فوری اور اہم امدادی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، سرگودھا اور اوکاڑہ میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے لیے فوج کو طلب کر لیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق، یہ اقدام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھیجی گئی درخواست پر اٹھایا گیا، جس کے بعد صوبائی محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ مراسلے کے مطابق متعلقہ اضلاع میں فوجی دستوں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ ان کی تعداد ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد طے کی جائے گی۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ضرورت پڑنے پر آرمی ایوی ایشن اور دیگر وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس وقت ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی فرنٹ لائن پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور تمام متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال کو چوبیس گھنٹے (24/7) مانیٹر کر رہے ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، حکومت کا یہ بروقت اور منظم ردعمل نہ صرف متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہے بلکہ کسی بھی ممکنہ بڑے نقصان سے بروقت بچاؤ کو بھی یقینی بنانا ہے۔