Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کی اربن فلڈنگ ، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی اربن فلڈنگ ، سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد:  وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں ممکنہ اربن فلڈنگ اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو فوری انتظامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔

یہ ہدایات وزیراعظم نے جاری شدید بارشوں اور دریاؤں میں ممکنہ سیلابی کیفیت کے تناظر میں بلائے گئے ہنگامی اجلاس کے دوران دیں، جس کی صدارت انہوں نے خود کی۔ اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ دریائے چناب میں پانی کے اخراج میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث ہیڈ مرالہ اور خانکی کے مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے بروقت انخلا کے لیے 2000 ٹرکوں کو تیار کر لیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ NDMA نے اب تک پنجاب کے متاثرہ علاقوں کے لیے 5000 خیمے فراہم کیے ہیں، جبکہ دیگر ضروری امدادی سامان کی ترسیل بھی بلاتعطل جاری رکھی جائے۔

شہباز شریف نے خاص طور پر گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے فوری انتظامی اقدامات کا حکم دیا، تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے یہ بھی تاکید کی کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ذرائع مواصلات اور سڑکوں کی بحالی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی صوبے میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مکمل ہم آہنگی کو برقرار رکھا جائے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ سیلاب کے دوران وفاقی حکومت نے ہر ممکن تعاون فراہم کیا، اور اب پنجاب کے لیے بھی وفاقی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔

انہوں نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی ہدایت دی کہ پنجاب کے بعد سندھ میں ممکنہ طور پر آنے والے سیلابی ریلوں سے متعلق پیشگی اطلاع کا مؤثر نظام یقینی بنایا جائے، تاکہ نقصانات سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

ٹیگز: