بیجنگ: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں بیجنگ میں سیلاب کی موجودہ صورتحال اور ریسکیو و ریلیف آپریشنز کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو ملک بھر میں سیلاب کی صورت حال اور امدادی کارروائیوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
پاکستان ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم نے ملک میں جاری مون سون بارشوں کے دوران این ڈی ایم اے اور دیگر امدادی اداروں کی تیاریاں اور کام کاج کو ذاتی طور پر مانیٹر کرنے کے لیے اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر اس اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں این ڈی ایم اے کے چیئرمین، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹریز، اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے سیلاب کی صورتحال اور ریسکیو آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ رابطے کے نظام اور بجلی کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد بحال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکمے مل کر سیلاب متاثرین کی امداد، محفوظ مقام پر منتقلی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے کام کو مربوط انداز میں جاری رکھیں۔
وزیراعظم نے خاص طور پر پنجاب اور سندھ کی سیلابی صورتحال پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی اور این ڈی ایم اے کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں اور ان کی ہر ممکن مدد کریں۔
انہوں نے سیلاب کی وجہ سے لاپتہ ہونے والے افراد کی جلد بازیابی کی بھی تاکید کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں پانی کی سطح میں اضافہ کے باعث طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور ڈیمز اور بیراجوں کی ریگولیشن کا عمل جاری ہے۔
حکام نے آگاہ کیا کہ پنجاب اور سندھ میں دریاؤں کے بڑھتے ہوئے سیلاب کی وجہ سے کئی علاقوں میں خطرناک صورت حال پیدا ہو گئی ہے، جس کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے متعلقہ صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہوا ہے۔
وزیراعظم کو اطلاع دی گئی کہ پنجند کے مقام پر دریاؤں کی طغیانی شدید ہونے کی توقع ہے اور سیلابی ریلے کی گڈو بیراج تک آمد کا امکان ہے، جہاں صورتحال کو باریک بینی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
سیلابی متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122، پاک فوج، رینجرز، این جی اوز اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے امدادی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کر رہے ہیں، اور امدادی سامان کی فراہمی اور بجلی کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
اس اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بیجنگ میں موجود تھے، جبکہ این ڈی ایم اے کے چیئرمین اور دیگر اعلیٰ حکام پاکستان سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔