اسلام آباد: وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی وقت گزرنے کے ساتھ ایک سنگین چیلنج بنتی جا رہی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان میں زیرِ زمین صاف پانی کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔ شہریوں کو پانی کے بے دریغ استعمال اور آلودگی سے گریز کرنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ضروری ہیں۔ اسلام آباد کے بڑے ڈیمز پانی ذخیرہ کرنے کا اہم ذریعہ ہیں، تاہم ڈیموں کے پانی کو آلودگی سے محفوظ بنانا ہوگا۔
مصدق ملک نے واضح کیا کہ پانی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح اور ریڈ لائن ہے، اس لیے پانی کے وسائل کے تحفظ کے لیے مؤثر اور بروقت اقدامات کیے جانا ضروری ہیں۔