Get Alerts

وفاق اور سندھ کے درمیان برف پگھلنے لگی: وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی آج اہم ملاقات

وفاق اور سندھ کے درمیان برف پگھلنے لگی: وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی آج اہم ملاقات

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں آج سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہوں گی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان آج دوپہر ایک اہم ملاقات طے پالی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خاص طور پر صوبوں کے مالیاتی امور پر مشاورت کی جائے گی۔
اس ملاقات کا بنیادی محور سندھ سمیت دیگر صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں اور وفاقی بجٹ میں مختص کردہ فنڈز ہوں گے۔بلاول بھٹو زرداری وفاق سے صوبہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے جاری ہونے والے فنڈز میں تاخیر اور دیگر مالیاتی مسائل پر وزیراعظم سے بات کریں گے۔
 ملاقات میں وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور عوامی فلاح و بہبود کے مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات صرف سیاسی نوعیت کی نہیں بلکہ انتظامی طور پر بھی انتہائی اہم ہے کیونکہ     چیئرمین پیپلز پارٹی کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچیں گے۔    وزیراعلیٰ سندھ وفاقی حکومت کے سامنے سندھ کے انتظامی مسائل اور سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے لیے درکار فنڈز کا کیس پیش کریں گے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، اتحادی حکومت میں شامل دو بڑی جماعتوں کے قائدین کی یہ ملاقات بجٹ کی تیاریوں اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ اس ملاقات سے وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والی بعض غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

ٹیگز: