لاہور : ایران کے صدر مسعود پزشکیان اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔میاں نواز شریف نے ا ن کا استقبال کیا، ان کےساتھ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ یہ مسعود پزشکیان کا ایران کے صدر کے طور پر پاکستان کا پہلا دورہ ہے، جس میں وہ پاکستان کے اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور اقتصادی، تجارتی، اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ صدر مسعود پزشکیان پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات اور مستقبل کے مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، ایرانی صدر کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان توانائی، تجارت، سیکیورٹی اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایران پاکستان کے ساتھ اپنی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
دورے کے دوران، ایرانی صدر لاہور میں مزارِ اقبال پر بھی حاضری دیں گے اور پاکستان کے عظیم شاعر علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ اقبال کی نظریات اور فلسفے کے ساتھ ایرانی صدر کی خصوصی دلچسپی ظاہر کی گئی ہے۔
پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی اور ثقافتی روابط سے جڑے ہوئے ہیں، اور ایرانی صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین دوستی اور تعاون کے نئے دروازے کھولنے میں مددگار ثابت ہوگا۔اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں مزید اضافہ اور عوامی سطح پر روابط میں بہتری متوقع ہے، جس سے نہ صرف پاکستان اور ایران کی حکومتوں بلکہ دونوں قوموں کے عوام کو بھی فائدہ پہنچے گا۔