لاہور : سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کی ترقی اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، انہیں کسی عہدے یا طاقت کی نہیں بلکہ آزادانہ کام کرنے کے موقع کی ضرورت ہے۔
یونس خان نے اپنی کرکٹ اکیڈمی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں جو بھی ذمہ داری دی جائے، اس میں رکاوٹیں نہ ہوں تاکہ وہ بہتر انداز میں کام کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کے ذریعے کراچی سمیت ملک بھر سے باصلاحیت کھلاڑی تلاش کرکے سامنے لائے جائیں گے۔ یونس خان نے اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کرکٹ کے ابتدائی دنوں میں مشکلات کا سامنا کیا اور سابق کپتان راشد لطیف کی رہنمائی سے بہت کچھ سیکھا۔
سابق بیٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ حق اور سچ کیلئے آواز اٹھائی ہے، اور اب ان کی خواہش ہے کہ کراچی کے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو تلاش کرکے پاکستان کرکٹ کو مضبوط بنایا جائے۔