Get Alerts

آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں 21 نشستوں پر پولنگ جاری، 12 لاکھ سے زائد ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے

آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں 21 نشستوں پر پولنگ جاری، 12 لاکھ سے زائد ووٹرز حقِ رائے دہی استعمال کریں گے

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں آج 21 انتخابی نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔ ان نشستوں میں مظفرآباد ڈویژن کے 9 عام انتخابی حلقے اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستیں شامل ہیں۔

پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 208 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ یہاں 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ دوسری جانب مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

مظفرآباد ڈویژن میں ووٹنگ کے لیے 1,483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حلقہ ایل اے-28، ایل اے-29 اور ایل اے-31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

اہم انتخابی معرکوں میں مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر، استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تنویر الیاس، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور اسپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سمیت دیگر رہنماؤں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

راولپنڈی ڈویژن میں مہاجرین کی تین نشستوں پر 35 امیدوار مدِمقابل ہیں، جہاں 27 ہزار 907 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ 175 میں سے 31 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں حلقہ ایل اے-45 کشمیر ویلی-VI کے لیے 21 اضلاع میں 41 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں 7 ہزار 655 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن حکام کے مطابق تمام حلقوں میں پولنگ مکمل ہونے کے تقریباً دو گھنٹے بعد نتائج کا اعلان شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

ٹیگز: