مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی انتخابی مہم ختم ہوگئی۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت اب امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہر قسم کی انتخابی سرگرمی پر پابندی نافذ ہو گئی ہے۔
دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع کی تین نشستوں کے علاوہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر کل پولنگ ہوگی۔ مہاجرین کی ان نشستوں میں جموں کی 6 اور وادی کشمیر کی 6 نشستیں شامل ہیں، جن پر پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جبکہ پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز پرامن ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔