بھارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گگلی والے بیان پر تلملا اٹھا

بھارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گگلی والے بیان پر تلملا اٹھا
کیپشن: Image by Moneycontrol

نئی دہلی :بھارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گگلی والے بیان پر تلملا اٹھا ،پاکستان کی جانب سے کرتار پور راہداری کو کھولنے اور نرم رویے کے باوجود بھی بھارت کے رویے میں تبدیلی نہیں آئی اور اب بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ کے گگلی والے بیان نے انہیں بے نقاب کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے کہا کہ پاکستانی وزیرخارجہ کے گگلی والی بیان سے کسی کا کچھ نہیں گیا، بلکہ وہ خود ہی بے نقاب ہوئے، ان کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ آپ سکھ برادری کے جذبات کا احترام نہیں کرتے بلکہ آپ صرف گگلیاں کھیلتے ہیں۔


سشما سوراج نے کہا کہ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ہم آپ کی گلگی کے جال میں نہیں پھنسے جب کہ دو بھارتی وزیر کرتارپور کے گردوارے میں حاضری کیلئے آئے تھے۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ آپ کو یاد کرادوں کہ ہم آپ کی گگلی کا شکار نہیں ہوئے، ڈرامائی طور پر ’گگلی‘ والے آپ کے بیان سے کسی اور کا نہیں،آپ کا اصل چہرہ سامنے آیا ہے۔


خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود نے گزشتہ روز کہا تھا کہ نیویارک میں پاک بھارت وزراءخارجہ کی ملاقات ہوجاتی تو اچھا تھا لیکن سشما سوراج اندرونی سیاسی مجبوری کی وجہ سے ملنے سے انکاری ہیں جب کہ عمران خان نے کرتارپور کی گگلی پھینکی تو بھارت کو اپنے وزیر بھیجنے پڑے۔