راولپنڈی : پاکستان اور چین کی افواج نے خطے میں امن و استحکام کے عزم کے تحت مشترکہ فوجی مشق ’’وارئیر-IX‘‘ کا آغاز کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں شروع ہوئی ہے، جس میں دونوں ممالک کے فوجی اہلکاروں کو انسداد دہشت گردی کے مختلف پہلوؤں پر تربیت دی جائے گی۔
مشق کا مقصد دونوں افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی میں اضافہ کرنا، جدید جنگی تکنیکوں کا تبادلہ اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنا ہے۔ اس مشق کا یہ نویں سلسلہ ہے جو پاکستان اور چین کی طویل المدتی دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان کی منگلا کور کے کمانڈر اور چینی فوج کے ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی چیف آف سٹاف میجر جنرل بیان شیاؤمنگ سمیت دونوں ممالک کے سینئر عسکری افسران نے شرکت کی۔ دونوں افواج کے درمیان اس طرح کی مشقیں دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملیوں کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔