لاہور : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور مسافروں کی امیگریشن پراسیس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایئرپورٹ پر موجود امیگریشن کاونٹرز پر مسافروں کی ٹریول ہسٹری کو شناختی کارڈز اور پاسپورٹس سے منسلک کرنے کے نئے نظام کو ملاحظہ کیا۔
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، خصوصاً نئے تیز رفتار سسٹم پر جو مسافروں کی امیگریشن کو بہت زیادہ سہل اور تیز تر بناتا ہے۔ وزیر داخلہ نے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے بات کی اور ان سے امیگریشن پراسیس کے بارے میں تاثرات دریافت کیے، جس پر مسافروں نے نظام پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ اب امیگریشن کا عمل صرف دو منٹ میں مکمل ہو رہا ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ مکمل سفری دستاویزات کے حامل کسی مسافر کو سفر سے نہ تو روکا جا رہا ہے اور نہ ہی روکا جائے گا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ نامکمل یا جعلی دستاویزات کے حامل افراد کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ "پاکستان کی عزت ہم سب کی عزت ہے" اور جو افراد وطن کی بدنامی کا باعث بنیں گے، انہیں سفر کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر وزیر داخلہ کے ہمراہ ڈائریکٹر ایف آئی اے علی ضیاء اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔