اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عازمینِ حج اور دیگر مسافروں کو فراہم کی جانے والی امیگریشن سہولیات اور انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔
وزیر داخلہ نے خصوصی طور پر ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ منصوبے کے تحت قائم کیے گئے کاؤنٹرز کا دورہ کیا، جہاں پاکستانی عازمین کی سعودی امیگریشن کا عمل پاکستان میں ہی مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے سعودی اور پاکستانی عملے کی کارکردگی کو سراہا اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ عازمین کو کم سے کم وقت میں امیگریشن کے عمل سے گزارا جائے۔
دورے کے دوران محسن نقوی مسافروں اور عازمینِ حج کے درمیان گھل مل گئے اور ان سے فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مسافروں سے سوال کیا کہ کیا انہیں امیگریشن یا ایئرپورٹ کے دیگر مراحل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا تو نہیں؟ عازمینِ حج نے انتظامات کو بہترین قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت اور ایئرپورٹ حکام پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے ایئرپورٹ اور امیگریشن عملے کو ہدایت کی کہ وہ عازمینِ حج کو اللہ کے مہمان تصور کرتے ہوئے ان کی بہترین خدمت کریں اور ان کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عازمین کے مقدس سفر کو ہر ممکن حد تک آسان اور پرسکون بنایا جائے۔