Get Alerts

صدر مملکت کے حکم پر نو ماہ بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ، اہم قوانین کی منظوری متوقع

صدر مملکت کے حکم پر نو ماہ بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ، اہم قوانین کی منظوری متوقع

اسلام آباد : صدر مملکت کی جانب سے نو ماہ بعد طلب کیے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آج اہم قوانین کی منظوری دی جائے گی۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج گیارہ بجے ہوگا اور اس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں جن اہم بلز کی منظوری متوقع ہے، ان میں قومی کمیشن برائے حقوق اقلیتاں بل 2025، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین ترمیمی بل 2025، حیاتیاتی و زہریلے ہتھیاروں کی روک تھام سے متعلق کنونشن برائے حیاتیاتی اور زہریلے ہتھیار عملدرآمد بل 2024، اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی بل 2023 شامل ہیں۔

ایجنڈے کے مطابق، نیشنل یونیورسٹی برائے سیکیورٹی سائنسز اسلام آباد کے قیام کا بل 2023، اخوت انسٹیٹیوٹ قصور بل 2023 اور گھرکی انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بل 2025 بھی منظور کیے جانے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، اس اجلاس میں صحافیوں اور میڈیا ورکز کے تحفظ کے بل کے علاوہ، اقلیتوں کے حقوق کمیشن کا بل اور پاکستان اینیمل کونسل کا بل بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

اس اہم اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن بھی خطاب کریں گے۔ موجودہ سیاسی اور سماجی حالات میں اس اجلاس کو بہت اہمیت دی جا رہی ہے، اور اسے قومی سیاست میں ایک اہم موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

ٹیگز: