ہمارے استعفے ’ایماندار بندے‘ جیسے نہیں ہوں گے، مریم نواز

ہمارے استعفے ’ایماندار بندے‘ جیسے نہیں ہوں گے، مریم نواز
کیپشن: ہمارے استعفے ’ایماندار بندے‘ جیسے نہیں ہوں گے، مریم نواز
سورس: فائل فوٹو

لاہور: مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے استعفے کی پیش کش پر کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہمارے استعفے ’ایماندار بندے‘ جیسے نہیں ہوں گے کہ اسپیکر بلائے تو غائب ہو جاؤ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا سڑک پر کھڑے ہو کر صبح شام اسمبلی کو گالیاں دیتے رہو، پھر اُسی اسمبلی میں آ بیٹھو اور سال بھر کی غیر حاضری کی تنخواہیں، الاؤنسز بھی وصول کر لو۔ تھوڑا صبر تو کرو پھر بتاتے ہیں استعفے کیا ہوتے ہیں۔

اس سے قبل مریم نواز کا اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ اور دھرنے پر تقریباً پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی تمام جماعتیں متفق ہیں جبکہ لانگ مارچ اور دھرنا کتنے وقت کیلئے ہوگا اس متعلق چار فروری کے اجلاس میں طے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا استعفوں کا آپشن بھی اہم ہے، مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم میں شامل بہت ساری باقی جماعتیں استعفے دینے پر یقین رکھتی ہیں کیونکہ استعفے دینے چاہیئں اور ضرور دینے چاہیئں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو تحریک عدم اعتماد اور ان ہاؤس تبدیلی کی بات کریں گے تو غور کیا جائے گا اور وزیراعظم بننے کے بعد بھی عمران خان نے کچھ نہیں سیکھا اور انکی تمام ترجیحات اپوزیشن کو ٹارگٹ کرنا ہے۔