Get Alerts

ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا کا اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ خانپور ہزارہ کا دورہ

ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا کا اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ خانپور ہزارہ کا دورہ

ہزارہ : ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ خانپور ہزارہ کا دورہ کیا۔ اس دورے میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر حکومتی ارکان بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ وفد نے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل بدھ مت تہذیب کے آثارِ قدیمہ، جولیاں کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ آرکیالوجی عبدالصمد، کمشنر ہزارہ اور دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران وفد کو ہزاروں سال قدیم بدھ مت تہذیب اور گندھارا ورثے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ، مہمانوں کو یادگاری تحائف بھی پیش کیے گئے۔ وفد نے شاندار استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ورلڈ بینک کے صدر اجے پال سنگھ بنگا نے گندھارا ورثے کی بہترین دیکھ بھال پر محکمہ آثارِ قدیمہ کے کردار کی تعریف کی اور ان کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس ورثے کی حفاظت اور نگہداشت کے حوالے سے کیے گئے اقدامات بے حد قابلِ ستائش ہیں۔

اس دوران وفد نے گزشتہ شام خانپور اور اس کے گرد و نواح میں واقع دیگر تاریخی مقامات کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستانی ثقافت اور تاریخ کی گہرائی کا بھرپور جائزہ لینے کا موقع ملا۔

ٹیگز: