Get Alerts

صدر ورلڈ بینک اجے بنگا اور وزیراعلیٰ سندھ کا لاڑکانہ کا دورہ، سیلاب متاثرین کے گھروں کا معائنہ

صدر ورلڈ بینک اجے بنگا اور وزیراعلیٰ سندھ کا لاڑکانہ کا دورہ، سیلاب متاثرین کے گھروں کا معائنہ

لاڑکانہ : ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لاڑکانہ کے نواحی گاؤں بہاول جت کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد 2022 کے تاریخی سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے ورلڈ بینک کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے گھروں کے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔
 وزیراعلیٰ سندھ اور صدر ورلڈ بینک نے زیرِ تعمیر مکانات کا معائنہ کیا اور متاثرین سے بات چیت کی۔ اس موقع پر اجے بنگا کو بریفنگ دی گئی کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پائیدار اور آفات سے محفوظ گھروں کی تعمیر کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے گھروں کی تعمیر کے معیار اور متاثرین کی بحالی کے اقدامات کو سراہا۔
دورے کے دوران گاؤں کی خواتین نے صدر ورلڈ بینک اور وزیراعلیٰ سندھ کو اپنی مشکلات سے آگاہ کیا۔ خواتین نے مطالبہ کیا کہ گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے، کیونکہ صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے انہیں شدید دشواری کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مقامی آبادی کو یقین دلایا کہ حکومت سندھ ورلڈ بینک کے اشتراک سے تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے اور پانی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ٹیگز: