اسلام آباد/ممبئی: پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، تاہم قومی کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی مجموعی شرکت برقرار رکھے گی۔ پاکستان کی جانب سے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا ردعمل سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم آئی سی سی کے طے شدہ پروٹوکول کے مطابق سری لنکا جائے گی اور شیڈول کے مطابق میچ میں شرکت کرے گی، چاہے پاکستان نے بائیکاٹ کر لیا ہو۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک رکن نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم 15 فروری کو ہونے والے گروپ سٹیج کے میچ کے لیے سری لنکا روانہ ہو گی اور آئی سی سی کے ضوابط پر عمل کرے گی۔ ترجمان بی سی سی آئی نے واضح کیا کہ بھارتی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قواعد کے مطابق پریکٹس کرے گی، پریس کانفرنس میں شرکت کرے گی اور میچ ریفری کے فیصلے کا انتظار کرے گی۔
پاکستان کی جانب سے حکومت نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی، تاہم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم شیڈول کے مطابق موجود رہے گی اور میچ کے منسوخ ہونے کے اعلان کا انتظار کرے گی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات میں کشیدگی کے باوجود آئی سی سی کے ضوابط کا احترام ضروری ہے۔