اسلام آباد : وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے اٹلی کے شہر وینس میں ہونے والی تاریخی آرٹ نمائش، 61ویں وینس بیانالے 2026 میں پاکستانی پیویلین کی ٹیم نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستانی پیویلین کی نمائندگی کرنے والی معروف آرٹسٹ فائزہ بٹ، کیوریٹر بیٹریز کوفینٹس فلیکانو، پاکستان پیویلین کمشنر ڈاکٹر یعقوب خان بنگش اور معروف کرکٹ کمنٹیٹر نجم سیٹھی بھی شریک تھے۔
پاکستان پیویلین کی ٹیم نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ وینس میں ہونے والی نمائش میں پاکستان کے روایتی آرٹ اور اس کی جمالیات و خوبصورتی کو دنیا بھر کے مہمانوں اور سیاحوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ مئی سے نومبر 2026 تک پاکستانی پیویلین کے تحت مختلف ایونٹس کا اہتمام کیا جائے گا، جن میں پاکستانی ثقافت اور فن کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔
وفد نے وزیرِ اعظم کو وینس بیانالے کی اہمیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا، اور بتایا کہ 1895 میں شروع ہونے والی یہ نمائش دنیا کی سب سے قدیم اور سب سے بڑی آرٹ نمائش ہے، جو اپنے تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کے لحاظ سے عالمی سطح پر منفرد ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ٹیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی تاریخ، ثقافت اور فن کے خوبصورت اور متنوع پہلوؤں کو دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی نمائشیں پاکستان کی ثقافتی ورثے کی اہمیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں۔آخر میں، پاکستانی پیویلین ٹیم نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو وینس بیانالے 2026 میں پاکستانی پیویلین کے افتتاح کے موقع پر مدعو کیا۔