کراچی : پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام "ایکس سی گارڈز 2026" مشقوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جو 9 فروری تک جاری رہیں گی۔ ان مشقوں کا مقصد میری ٹائم سیکٹر کو درپیش روایتی اور غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنا اور مختلف اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو بہتر بنانا ہے۔ وائس ایڈمرل فیصل امین افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل فیصل امین نے سمندری آلودگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا سمندر تیزی سے زہر آلود ہو رہا ہے، جبکہ آج سے 25 سال قبل یہ کہیں زیادہ صاف تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سمندری آلودگی کو روکنے کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر دو بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے اور ان مشقوں کے دوران بھی ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کی عملی مشقیں کی جائیں گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی فشنگ انڈسٹری میں سالانہ اربوں ڈالر کمانے کی صلاحیت موجود ہے۔ ماہی گیروں کی استعداد کار بڑھانے اور ان کی حفاظت کے لیے فشنگ بوٹس پر "ویسل مانیٹرنگ سسٹم" لگانے کا منصوبہ بھی تکمیل کے قریب ہے۔
وائس ایڈمرل نے کہا کہ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) پر سرکاری اور نجی اداروں کا اعتماد بڑھا ہے، جس کی وجہ سے میری ٹائم سیکٹر کے مختلف اداروں میں مضبوط روابط استوار ہوئے ہیں۔ "محفوظ سمندر، مستحکم پاکستان" کے موضوع پر منعقدہ یہ مشقیں پاکستان کی معیشت اور سمندری سلامتی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گی۔