اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ جس وقت ہماری افواجِ پاکستان ملک کی بقا کی خاطر دہشت گردوں کے خلاف برسرِ پیکار ہیں، اس نازک وقت میں کچھ لوگ محض اپنا سیاسی بیانیہ بنانے میں مگن ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر اہم گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور تمام تنظیمیں اس پر متحد ہیں۔ انہوں نے اسرائیل کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ اسرائیل فلسطین میں کر رہا ہے، بھارت وہی کچھ مقبوضہ کشمیر میں کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 600 دن بعد زخمی فلسطینیوں کی رفح منتقلی ایک مثبت آغاز ہے اور پاکستان فلسطینیوں کے حق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔
ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کے عوام کو امن، محبت اور رواداری کا پیغام دیتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو اپنی فوج کے پیچھے کھڑا ہونا چاہیے۔اسلامی نظریاتی کونسل کے حالیہ اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ غیرت کے نام پر قتل کرنا یا کسی کو جسمانی نقصان پہنچانے کا شریعت سے کوئی تعلق نہیں۔ اسلام ایسے تمام برے اعمال سے بری ہے۔