اسلام آباد: آسٹریلیا ایوارڈز پروگرام کے تحت پاکستان کے شہریوں کو آسٹریلیا میں ماسٹرز کی سطح پر مکمل فنڈڈ اسکالرشپس دی جائیں گی۔ یہ اسکالرشپس 2027 میں شروع ہونے والے تعلیمی سال کے لیے دستیاب ہوں گی۔
اس پروگرام کا مقصد پاکستان میں تعلیم کے ذریعے قیادت کی تربیت، طویل المدتی صلاحیتوں میں اضافہ، اور دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ امیدواروں کا انتخاب تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربہ، اور قیادت کی صلاحیت کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ خواتین، معذور افراد اور دیگر محروم طبقات کو درخواست دینے کی خصوصی ترغیب دی گئی ہے۔
ترجیحی شعبوں میں ماحولیاتی تبدیلی، خواتین اور بچیوں کا بااختیار بنانا، زراعت، آبی وسائل کا تحفظ، انفراسٹرکچر، اور معاشی ترقی شامل ہیں۔ درخواست دہندگان کو پاکستانی شہری ہونا، پاکستان میں مقیم ہونا، 16 سالہ تعلیم مکمل کرنا، اور کم از کم 5 سال کا پیشہ ورانہ تجربہ رکھنا لازمی ہے۔ عمر کی حد 45 سال مقرر کی گئی ہے۔
منتخب ہونے والے امیدواروں کو مکمل ٹیوشن فیس، واپسی کا ہوائی ٹکٹ، رہائش، ہیلتھ انشورنس، تعارفی تعلیمی پروگرام، اور تحقیقی فیلڈ ورک الاؤنس فراہم کیا جائے گا۔ اسکالرشپ مکمل کرنے کے بعد امیدواروں کو کم از کم دو سال پاکستان میں خدمات انجام دینی ہوں گی۔
درخواستیں یکم فروری 2026 سے آن لائن OASIS پورٹل کے ذریعے جمع کروائی جا سکتی ہیں، جبکہ آخری تاریخ 30 اپریل 2026 ہے۔
آسٹریلیا ایوارڈز اسکالرشپس پاکستانی پیشہ ور افراد کو بین الاقوامی تعلیم اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے والا ایک اہم پروگرام ہے۔