سندھ میں اسکول و کالجز کے اوقات تبدیل، یوم آزادی سمیت دیگر چھٹیاں ختم

سندھ میں اسکول و کالجز کے اوقات تبدیل، یوم آزادی سمیت دیگر چھٹیاں ختم
کیپشن: یوم کشمیر، یوم پاکستان اور یوم آزادی جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کااجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں موسم گرما کی تعطیلات مئی اور جون میں کرنے اور کالجز میں نیا تعلیمی سال جولائی کے بجائے اگست سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان وزیر تعلیم کے مطابق سندھ کے تعلیمی اداروں میں یوم کشمیر، یوم پاکستان، یوم آزادی، عرس شاہ عبدالطیف بھٹائی، عید میلاالنبیؐ اور 11 ستمبر کی چھٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ یوم کشمیر، یوم پاکستان اور یوم آزادی جوش و خروش سے منانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق یوم کشمیر، یوم پاکستان اور یوم آزادی سمیت دیگر ایام میں تدریسی عمل معطل رہے گا، طلبا کو غیر تدریسی سرگرمیوں کے ذریعے ان دنوں کی اہمیت سے متعلق آگاہ دی جائے گی۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں کے اوقات کار بھی تبدیل کر دیے گئے جس کے تحت اسکول اور کالجز کے اوقات صبح ساڑھے 8 سے دوپہر2 بجے تک ہوں گے جب کہ اساتذہ اسکول اور کالجز میں 3 بجے تک رکنے کے پابند ہوں گے۔