Get Alerts

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان

اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران شدید سردی پڑنے کی توقع ہے۔

پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھا سکتی ہے، جس سے سفر کے دوران مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر اور شمالی بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ریکارڈ کی گئی۔

خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ بارش دیر بالائی میں 28 ملی میٹر، دیر زیریں میں 21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ کاکول میں 25 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 20 ملی میٹر، پاراچنار اور چراٹ میں 16 ملی میٹر، دروش اور تخت بائی میں 12 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پنجاب کے اسلام آباد میں 21 سے 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ساہیوال اور دیگر شہروں میں ہلکی بارش ہوئی۔ کشمیر میں گڑھی دوپٹہ میں 21 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ بلوچستان کے سمنگلی اور کوئٹہ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

برفباری کے حوالے سے، مالم جبہ میں 14 انچ، کالام اور مری میں 4 انچ جبکہ زیارت میں 2 انچ برفباری ہوئی۔کم سے کم درجہ حرارت میں لہہ میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ اور گوپس و مالم جبہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سرد موسم اور دھند کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر سفر کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

ٹیگز: