Get Alerts

عدالت نےعلیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی

 عدالت نےعلیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت میں عدالت نے علیمہ خان کو ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔

اے ٹی سی جج امجد علی شاہ کی زیرِ صدارت کیس کی سماعت جاری تھی، جس میں پراسیکوٹر سید ظہیر شاہ پراسیکوشن ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔ علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک کی جانب سے ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

مقدمہ میں نامزد تین ملزمان کے وکلاء نے استغاثہ کے 8 گواہان پر جرح مکمل کر لی۔ عدالت نے علیمہ خان سمیت 8 ملزمان کو گواہان کے بیان پر جرح کرنے کا آخری موقع دیا اور کہا کہ آئندہ سماعت پر جرح مکمل نہ کرنے کی صورت میں سرکاری وکیل مقرر کیا جائے گا۔

عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزمان ساجد علی قریشی، علی رضا، اور محمد حنیف کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔ تینوں ملزمان کی جانب سے نہ تو کوئی پلیڈر اور نہ ہی وکیل عدالت میں پیش ہوا۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت 5 جنوری تک ملتوی کر دی۔ علیمہ خان کے وکیل فیصل ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علیمہ خان مصروفیات کے باعث آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں، اور عدالت سے درخواست کی ہے کہ انہیں 7 جنوری تک کی تاریخ دی جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علیمہ خان کی ہدایات ہیں کہ وہ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں گی اور جو بھی کارروائی ہو گی، ان کے سامنے ہو گی۔

ٹیگز: