لاہور: صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس میں کیتھ لیب پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں زیر بحث آئیں۔ اجلاس میں پہلے مرحلے میں جہلم کیتھ لیب کے افتتاح پر تفصیلی منصوبہ بندی کی گئی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم، سی ای او ہیلتھ جہلم اور ایم ایس جہلم آن لائن شریک ہوئے جبکہ اے ایس ٹیکنیکل اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ کیتھ لیب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فلیگ شپ پروگرام ہے اور حکام کو ہدایت دی کہ دوسرا فیز جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیتھ لیبز کے قیام سے امراض قلب کے مریض گھر کے قریب معیاری طبی سہولیات حاصل کر سکیں گے اور انہیں بڑے شہروں کا سفر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے، دور افتادہ علاقوں کے مریض بھی طبی سہولت سے مستفید ہوں گے اور بڑے ہسپتالوں میں لوڈ مینجمنٹ ممکن ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہسپتالوں میں افرادی قوت اور دیگر ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جا رہی ہیں اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہمارا مشن ہے۔