Get Alerts

 جھنگ میں کیتھ لیب کا قیام عوام کے لیے خوش آئند قدم:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

 جھنگ میں کیتھ لیب کا قیام عوام کے لیے خوش آئند قدم:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

جھنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جھنگ میں کیتھ لیب کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میرا یہ خواب پورا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں اور دلی خواہش ہے کہ ہر ضلع میں دل کے امراض کا اسپتال موجود ہو۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایمرجنسی میں دل کے مریض کو دوسری جگہ منتقل کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے ڈی ایچ کیو جھنگ میں کیتھ لیب کا قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں اب تک 16 کیتھ لیب بن چکی ہیں اور جہلم میں بھی جلد کیتھ لیب فنکشنل ہو جائے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کیتھ لیب کے قیام پر پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں سے دوسرے صوبوں کے لوگ بھی مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ غربت اور وسائل کی کمی کی وجہ سے ماضی میں عوام علاج نہیں کرا سکتے تھے۔ جھنگ میں میگا ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں اور یہ ضلع بہت جلد ترقی یافتہ اضلاع میں شامل ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 7 لاکھ افراد کو گھر کی دہلیز پر 60 دن کی ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، ایک ہزار کلینک “آن وہیلز” شہر اور گاؤں گاؤں سہولت فراہم کر رہے ہیں، اور اعضا کی پیوندکاری کے حوالے سے مفت علاج کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ دل کے مرض میں مبتلا ہزاروں بچوں کا علاج مفت کیا گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ مری میں کارڈیک ہسپتال فعال ہو چکا ہے اور جھنگ سے لوگوں کو کارڈیک سرجری کے لیے باہر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جھنگ میں الیکٹرک بسیں بھی چل رہی ہیں اور عوام مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھنگ میں پہلے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال اچھی نہیں تھی، لیکن سی سی ڈی اور انتظامیہ نے مل کر کرائم کنٹرول کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے عوام کو یہ احساس دلانے پر زور دیا کہ ان کا خیال رکھنے والے موجود ہیں، تاہم مشکلات کا حل راتوں رات نہیں نکالا جا سکتا۔

ٹیگز: