پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے

پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے
سورس: file photo

لاہور:  پنجاب بھر میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا۔لاہور ،ملتان اور گوجرانوالہ میں لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر آگئے ٹریفک بلاک۔

لاہورمیں وقفے وقفے سے ہونے والی لوڈشیڈنگ سے نالاں عوام سڑکوں پر آگئے ۔ 

لیسکو حکام کے مطابق شارٹ فال میں اضافے کی وجہ سے لیسکو کی حدود میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ گرڈ اسٹیشنز پر دباؤ بڑھنے کی وجہ سے ٹرپنگ کے مسائل کا بھی سامنا ہے۔ 

ملتان کے علاقے نواب پور روڈ پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا جبکہ گوجرانوالہ میں جیتی روڈ پر گوندلانوالہ چوک پر شہریوں نے مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے گیپکو اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔

لودھراں ،بہاولپور، بہاولنگر سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 8 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے تک جاپہنچاہے جبکہ فیصل آباد، سیالکوٹ اور گجرات میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عوام سخت پریشان ہیں۔ 

دوسری جانب وزارت پاور حکام کا کہنا ہے کہ تربیلا میں پانی کی کمی اور پاور ہاؤسز کو گیس تیل نہ ملنے سے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوا، دو تین روز میں صورت حال بہتر ہو جائے گی۔