Get Alerts

بھارتی جارحیت بے نقاب کرنے کا مشن: بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد آج نیویارک میں اہم سفارتی ملاقاتیں کرے گا

بھارتی جارحیت بے نقاب کرنے کا مشن: بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد آج نیویارک میں اہم سفارتی ملاقاتیں کرے گا

نیویارک :  بھارت کے خطے میں بڑھتے ہوئے جارحانہ رویے اور ناپاک عزائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے مشن پر پاکستانی سفارتی وفد آج نیویارک میں اہم ملاقاتیں کرے گا۔ وفد کی قیادت سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 5 مستقل اور 9 غیر مستقل ارکان کے سفیروں سے ملاقات کرے گا، جہاں انہیں بھارت کی اشتعال انگیزی اور سرحد پار دراندازی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ امریکی حکام کو بھی بھارتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔

وفد میں شیری رحمان، حنا ربانی کھر، جلیل عباس جیلانی اور مصدق ملک بھی شامل ہیں۔ یہ ٹیم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، صدر جنرل اسمبلی اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کر کے بھارتی رویے پر پاکستان کے تحفظات پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ او آئی سی کو بھی باضابطہ طور پر بریف کیا جائے گا۔

بلاول بھٹو زرداری 5 جون کو واشنگٹن میں موجود مڈل ایسٹ انسٹیٹیوٹ کے زیرِاہتمام ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں وہ عالمی تھنک ٹینکس، ماہرین اور پالیسی سازوں سے خطاب کریں گے۔

ٹیگز: