ابوجا : نائیجیریا کے وسطی علاقے میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے ہولناک سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 500 کے قریب لاپتہ ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ موکوا ہے، جہاں یہ سیلاب گزشتہ ساٹھ برسوں کا بدترین قدرتی سانحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
سیلاب کے نتیجے میں سینکڑوں مکانات اور دو پل مکمل طور پر بہہ گئے، جبکہ 3000 سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں اب بھی پانی کھڑا ہے اور لوگ ملبے تلے اپنے پیاروں کو تلاش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
نائیجر اسٹیٹ ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش، نعشوں کی بازیابی اور راستوں سے ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملبہ صاف کرنے اور نقصانات کا ازالہ کرنے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پانی کے تیز بہاؤ نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اور بیشتر لوگ سنبھلنے کا موقع بھی نہ پا سکے۔ متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، اور حکومت سے فوری امداد کی اپیل کر رہے ہیں۔