اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جہاں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات کے وقت جنوبی پنجاب میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے جبکہ چند علاقوں میں ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ ملتان، ڈی جی خان اور ساہیوال کے علاقوں میں رات کے وقت ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر بھی بادل برسنے کی امید ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے بچا جا سکے۔