لندن: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ایون فیلڈ پہنچ گئے جہاں وہ اپنا مکمل طبی معائنہ کرائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور دفاعی نظام کو غیر معمولی حد تک مضبوط کیا۔ انہوں نے چین کے تعاون سے جے ایف-17 تھنڈر طیارے بنانے کا بھی ذکر کیا، جو ملکی دفاع کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ان کے دور میں معیشت مضبوط رہی، روپیہ چار سال تک مستحکم رہا اور شرح نمو 7 فیصد کے قریب تھی۔ انہوں نے پچھلی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک کی تباہ حال صورت حال کو بہتر بنانے میں سرگرم ہے اور ملکی حالات استحکام کی جانب جا رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم لندن میں عیدالاضحیٰ بھی منائیں گے۔ ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے حسن نواز اور ذاتی معالج بھی موجود ہیں۔