اسلام آباد:وفاقی بجٹ 2026-27 کی دستاویزات کو حتمی شکل دینے اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ جاری مذاکرات کے باعث قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا باضابطہ نوٹیفیکیشن تاحال جاری نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے بجٹ پیش کرنے کے شیڈول میں تاخیر کا قوی امکان ہے۔
نما ئندہ نیو نیوز اسلام آباد جاوید نور کے مطابق اگرچہ ایوانِ صدر کے ترجمان کی جانب سے پہلے بجٹ اجلاس 5 جون کو طلب کرنے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ اب وفاقی بجٹ 8 یا 12 جون کو پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
بجٹ اہداف پر تفصیلی مشاورت اور آئی ایم ایف کے ساتھ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) پر جاری تاحال مذاکرات کے باعث قومی اقتصادی کونسل (NEC) کا کل ہونے والا اہم اجلاس بھی مؤخر کر دیا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے مطابق میکرو اکنامک فریم ورک پر اتفاقِ رائے قائم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جس کے باعث بجٹ کا پورا شیڈول آگے بڑھایا جا رہا ہے۔