Get Alerts

میٹا کا کم عمر صارفین کے لیے بڑا اقدام، انسٹاگرام، فیس بک اور میسنجر پر نئی پابندیاں نافذ

میٹا کا کم عمر صارفین کے لیے بڑا اقدام، انسٹاگرام، فیس بک اور میسنجر پر نئی پابندیاں نافذ

کیلیفورنیا: میٹا نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کم عمر صارفین کے تحفظ کے لیے نئے اور سخت حفاظتی اقدامات متعارف کرا دیے ہیں، جن کا اطلاق دنیا بھر میں شروع کر دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق انسٹاگرام، فیس بک اور میسنجر پر 13 سے 17 سال عمر کے صارفین کے ٹین اکاؤنٹس کے لیے مزید سخت حفاظتی سیٹنگز نافذ کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں نامناسب اور نقصان دہ مواد سے محفوظ رکھا جا سکے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ 2 جون سے اس کے تمام پلیٹ فارمز پر کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس کے لیے مواد کی نگرانی اور رسائی سے متعلق سخت ضوابط نافذ کر دیے گئے ہیں۔ اس نظام کو ابتدا میں امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا میں متعارف کرایا گیا تھا، جس کے بعد اب اسے عالمی سطح پر وسعت دی جا رہی ہے۔

نئی پالیسی کے تحت نوجوان صارفین ایسے اکاؤنٹس کا مواد نہ دیکھ سکیں گے اور نہ ہی انہیں فالو کر پائیں گے جو مستقل طور پر حساس یا نامناسب مواد شیئر کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے اکاؤنٹس کو 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے سرچ نتائج اور تجاویز میں بھی ظاہر نہیں کیا جائے گا۔

میٹا نے مزید بتایا کہ کم عمر صارفین کے تحفظ سے متعلق فیچرز کی تیاری اور جانچ کے لیے سیفٹی کمپنی "الائس" کے ساتھ اشتراک کیا جا رہا ہے تاکہ حفاظتی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

کمپنی نے گزشتہ برس انسٹاگرام میں متعدد حفاظتی فیچرز متعارف کرائے تھے، جن کے تحت نوعمر صارفین کو الکحل اور دیگر حساس موضوعات سے متعلق مخصوص سرچز تک رسائی محدود کر دی گئی تھی۔ اسی طرح "لمیٹڈ کانٹینٹ" فیچر بھی شامل کیا گیا تھا۔

نئی تبدیلیوں کے تحت والدین کو بھی مزید اختیارات فراہم کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں اور مواد تک رسائی کو بہتر انداز میں کنٹرول کر سکیں گے، حتیٰ کہ بعض صورتوں میں کمنٹس دیکھنے کی سہولت بھی محدود کی جا سکے گی۔

ٹیگز: