Get Alerts

میٹا نے پاکستان میں فیس بک اور میسنجر پر نوجوانوں کے لیے ‘ٹین اکاؤنٹس’ کا آغاز کر دیا

میٹا نے پاکستان میں فیس بک اور میسنجر پر نوجوانوں کے لیے ‘ٹین اکاؤنٹس’ کا آغاز کر دیا

کیلیفورنیا: میٹا نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں رواں ہفتے سے فیس بک اور میسنجر پر کم عمر نوجوانوں کے لیے خصوصی ‘ٹین اکاؤنٹس’ متعارف کرائے جائیں گے۔ یہ اقدام نوجوان صارفین کو آن لائن محفوظ رکھنے کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔

میٹا کے مطابق یہ سہولت پہلے ہی انسٹاگرام پر دنیا بھر میں فعال ہے اور اب اسے فیس بک اور میسنجر پر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں کروڑوں نوجوان صارفین انسٹاگرام، فیس بک اور میسنجر پر اس حفاظتی نظام کے تحت منتقل ہو چکے ہیں۔

ٹین اکاؤنٹس میں خودکار حفاظتی فیچرز شامل ہیں جو والدین کے خدشات کو کم کرتے ہیں، جیسے یہ تعین کرنا کہ نوجوان کن لوگوں سے رابطہ کر سکتے ہیں، کون سا مواد دیکھ سکتے ہیں اور آن لائن وقت کس طرح گزار سکتے ہیں۔ میٹا نے کہا ہے کہ اگرچہ مزید بہتری کی ضرورت ہے، لیکن یہ نظام والدین کو نوجوانوں کے آن لائن تجربات پر اعتماد فراہم کر رہا ہے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ وہ والدین کی مدد اور نوجوان صارفین کے تحفظ کے لیے مستقل طور پر نئے طریقے تلاش کر رہی ہے۔ اس ہفتے سے پاکستان میں نئے اور موجودہ کم عمر صارفین کو بھی ٹین اکاؤنٹس میں منتقل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ میٹا کے اے آئی قواعد میں خامیوں کی وجہ سے بوٹس بچوں سے غیر مناسب بات چیت کر سکتے ہیں اور غلط طبی معلومات بھی فراہم کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی سپر انٹیلیجنس کے لیے بڑے پیمانے پر اے آئی ڈیٹا سینٹرز قائم کرے گی، جس کے لیے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

ٹیگز: