Get Alerts

سعودی عرب: آرامکو کی اہم ترین ریفائنری پر ڈرون حملہ، دو ڈرونز تباہ

سعودی عرب: آرامکو کی اہم ترین ریفائنری پر ڈرون حملہ، دو ڈرونز تباہ

ریاض / لندن سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ آج صبح دنیا کی بڑی آئل ریفائنریز میں شمار ہونے والی راس تنورہ ریفائنری کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جسے سعودی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
سعودی حکام کے مطابق، ریفائنری کی جانب بڑھنے والے دو مسلح ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ حملے کے دوران تباہ شدہ ڈرون کا ایک حصہ آئل کمپنی کی حدود میں جا گرا، جس کے باعث وہاں معمولی آگ بھڑک اٹھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آگ پر فوری قابو پا لیا گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، حملے کے فوری بعد حفاظتی اقدامات کے تحت آرامکو کی تنصیبات کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا، جس سے آسمان پر دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔ واضح رہے کہ سعودی آرامکو عالمی سطح پر تیل کی سپلائی کا ایک بڑا مرکز ہے، جو روزانہ کروڑوں بیرل خام تیل پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سعودی وزارتِ دفاع نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی توانائی کی سلامتی پر حملہ قرار دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان حملوں کا رخ ایران کی جانب سے بتایا جا رہا ہے، تاہم تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ حملے کے اصل ماخذ کا تعین کیا جا سکے۔

ٹیگز: