Get Alerts

ایران کا اسرائیل پر نیا میزائل حملہ ، حیفہ ریفائنری مکمل تباہ

ایران کا اسرائیل پر نیا میزائل حملہ ، حیفہ ریفائنری مکمل تباہ

 تل ابیب :  ایران نے اسرائیل کے خلاف میزائلوں سے ایک اور بڑا حملہ کیا ہے، جس میں دارالحکومت تل ابیب اور اہم بندرگاہی شہر حیفہ کو چوتھی بار نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حملے میں حیفہ کی آئل ریفائنری مکمل طور پر بند ہو گئی، جبکہ حملے کے نتیجے میں ریفائنری کے تین ملازمین ہلاک ہوئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملے "آپریشن وعدہ صادق سوم" کا حصہ ہیں، جو اسرائیلی حملوں کے جواب میں کیے جا رہے ہیں۔ ایران کا کہنا ہے کہ وہ اپنی قوم اور سرزمین کے دفاع میں ان حملوں کو جاری رکھے گا، اور "صیہونی مجرموں" کو سخت سزا دے گا۔

ایران کی پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل علی محمد نے کہا کہ یہ حملے نویں لہر کا حصہ ہیں، اور "ہم دشمن کو ایک لمحے کے لیے بھی چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے"۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر حملہ پہلے سے زیادہ شدید اور ٹارگٹڈ ہو گا۔

ایرانی سیکیورٹی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ چوتھا دن انتہائی خطرناک ہو گا، اور "اسرائیل کو رات کے اندھیرے میں دن کی روشنی دکھائی جائے گی"۔ اسی دوران پاسداران انقلاب نے تل ابیب کے شہریوں کو وارننگ دی ہے کہ وہ شہر خالی کر دیں، کیونکہ وہاں ایک بڑا حملہ متوقع ہے۔

ایرانی قیادت نے کہا ہے کہ ان کا ہدف فوجی تنصیبات اور حکومتی مراکز ہیں، اور شہریوں کو فوراً دارالحکومت سے نکل جانا چاہیے۔

دوسری طرف اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ "اسرائیلی جنگی طیارے تہران کی فضاؤں میں موجود ہیں"۔ انہوں نے ایرانی عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ دارالحکومت تہران چھوڑ دیں۔ 

ٹیگز: