Get Alerts

ایران کا اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ، 4 ہلاک، 63 زخمی، متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں

ایران کا اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ، 4 ہلاک، 63 زخمی، متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں

تل ابیب / تہران :ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی سنگین رخ اختیار کر گئی ہے، ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر پانچواں بڑا میزائل حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور کم از کم 63 زخمی ہو گئے، جبکہ کئی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔

ایرانی میزائل حملوں کے دوران تل ابیب اور یروشلم دھماکوں سے لرز اٹھے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق میزائلوں کا نشانہ تل ابیب میں وزارت دفاع کی عمارت سمیت مختلف اہم تنصیبات اور رہائشی علاقے تھے۔ وسطی اسرائیل کے گش دان ریجن میں بھی دو ایرانی میزائل گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

تل ابیب میں ایک 32 منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ مجموعی طور پر 5 مقامات پر شدید نقصان ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا گیا، تاہم کچھ میزائل اپنے اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔

ایران نے اس کارروائی کو "آپریشن وعدہ صادق 3" کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ اسرائیلی مظالم کا انتقام ہے۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اب تک اسرائیل پر 300 سے زائد میزائل داغے جا چکے ہیں، جن میں بیلسٹک میزائل بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے فائر کیے گئے 200 بیلسٹک میزائلوں میں سے کئی کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کر دیا گیا، تاہم متعدد میزائل اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ حملے مشرق وسطیٰ میں ممکنہ طور پر ایک وسیع جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی جانب سے بھی سخت ردِعمل متوقع ہے۔

ٹیگز: